میڈیف کی

میڈیف کی قیادت میں 20 فرانسیسی کمپنیوں کا نمائندہ وفد 8 اپریل سے پاکستان کا چار روزہ دورہ کرے گا

اسلام آباد ۔(اے پی پی) فرانس کی بین الاقوامی سطح کی نمائندہ تنظیم میڈیف (ایم ای ڈی ای ایف) کی قیادت میں 20 فرانسیسی کمپنیوں کا نمائندہ وفد8 اپریل سے 11 اپریل تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔

میڈیف کا قیام 1989ءمیں عمل میں لایا گیاتھا اوریہ فرنچ بزنس کنفیڈریشن اوراس کے ساتھ دنیاءبھر میں منسلک 7 لاکھ چھوٹی بڑی کمپنیوں کی نمائندگی کررہاہے۔وفد کی قیادت فرانس پاکستان بزنس کونسل کے چئیرمین تھیری فلمین کریں گے۔ تھیری فلمین ٹوٹل گلوبل سروس کے صدر بھی ہیں۔

وفد میں فرانس کی تعمیرات، زراعت، ایگری بزنس، تیل وگیس، شہری ترقی ٹرانسپورٹ، پانی کی صفائی، توانائی اورآئی ٹی کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔ اس دورے کا اہتمام میڈیف (ایم ای ڈی ای ایف) ، پاک فرنچ بزنس کونسل، پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانہ ، فرانس میں پاکستانی سفارت خانہ اورسرمایہ کاری بورڈ نے مل کرکیا ہے۔دورے کے دوران وفد کے اراکین اسلام آباد، لاہوراورکراچی کادورہ کریں گے، وہ پاکستانی حکام اورنجی شعبے کے نمائندوں سے ملاقاتوں میں پاکستانی مارکیٹ کا اچھی طرح سے جائزہ لیں گے۔

وفد کے اراکین پاکستانی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔دورے سے پاکستان اورفرانس کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔