قومی معیشت

قومی معیشت اوراقتصادی مضبوطی میں کسان کلیدی کردار کا حامل ہے‘اسلم بھروانہ

لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر امداد باہمی مہرمحمد اسلم بھروانہ نے کہا کہ قومی معیشت میں کسان کلیدی کردار کا حامل ہے اسے درپیش مالی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے حکومت مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔

اس ضمن میں محکمہ کوآپریٹو بینک کے توسط سے چھوٹے کاشتکاروں کو آسان اقساط پر قرضے دئیے جارہے ہیں۔جس سے طرح کاشتکاری کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال باآسانی غریب کسان کر سکے گا۔اور شعبہ زراعت کی ترقی کی شرح میں اضافہ ہوسکے گا.قومی معیشت اوراقتصادی مضبوطی میں کسان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس لیے انکے مالی مسائل کے حل کے لیے موجودہ حکومت سرگرم عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں کسان نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کی مالی معاونت اور خود کفالت کے ذریعے زرعی اجناس کو بڑھا کر قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ کسانوں کے مالی مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ اس سلسلے میں کوآپریٹو بینک احسن کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کسانوں و کاشتکاروں کی مشکلات و مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔موجودہ حکومت کا ایجنڈا صرف عوامی خدمت ہے۔تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اللہ تعالی نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے اسے عبادت سمجھ کر نبا رہے ہیں۔عوام کی توقعات اور امیدوں پر پورا اتر کر نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔اس موقع پر محکمہ کوآپریٹو کے افسران بھی موجود تھے۔