لاہور ( این این آئی)چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) میاں نعمان کبیرنے معروف صنعتکار وسابق چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریل ایسوسی ایشن امجد علی جاوا کی قیادت میں قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ سے آئے صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ ایک منظم انڈسٹریل اسٹیٹ ہے اور قائی بورڈ کے رولز انڈ ریگولیشنز کے مطابق کام کر رہی ہے ۔
انفرادی طور پر ہر فیکٹری کے لئے یہ ممکن نہیں ہے کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگوائے ۔کمبائنڈ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لئے فنڈ منظور ہو چکا ہے اور بہت جلد مذکورہ پلانٹ پر کام شروع ہو جائے گا جس سے انڈسٹریل ایریا کے تمام یونٹس مستفید ہونگے اور جس سے قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتی استعمال کے بعد ضائع شدہ پانی کا نظام مزید بہتر ہو جائے گا۔میاں نعمان کبیر نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحولیات حکومت پنجاب کوالٹی سٹینڈرز کے نام پرانڈسٹریل اسٹیٹس میں ہراسمنٹ پھیلا رہے ہیں اور صنعتی استعمال میں استعمال شدہ پانی بارے غیر ضروری نوٹسز جاری کر رہے ہیں یہ سلسلہ بند کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ جو تھوڑی بہت انڈسٹری چل رہی ہے اسکو چلنے دیا جائے ۔ انڈسٹریل ایریا میں تمام یونٹس ٹیکس دہندگان ہیں اور نامساعد حالات کے باوجود صنعتیں چلا رہے ہیں اور لاکھوں خاندانوں کے روز گار کا باعث ہیں۔ پیداواری لاگت روز بروز بڑھنے کے باعث صنعتیں بند ہونا شروع ہو گئی ہیں اور اسکے نتیجے میں بیروزگار ہونیوالے افراد کی تعداد اضافہ سے کاروباری مندا پیدا ہوا ہے جبکہ ملکی سٹاک مارکیٹ بھی شدید مندے کا شکار ہے۔ امجد علی جاوا نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بجائے انکو کوالٹی سٹینڈرڈز کے نام پر آئے روز تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔
صنعتی مسائل کے حل سے ہی انڈسٹری ترقی کرے گی اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے ۔انہوںنے کہا کہ صنعتوں کی ترقی کیلئے پیداواری لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کیے جائیں جن میں بجلی اور سوئی گیس کی قیمتوںمیںکمی ازحد ضروری ہے جبکہ پاکستان میں پیداواری لاگت بڑھنے سے اشیائ مہنگی اور برآمدات کمی کا شکار ہیں جس سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے جسے دور کرنے کیلئے مثبت اقدامات کی ضرورت ہے صنعتوں کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور بجلی و گیس کی قیمتوںمیں کمی لاکر ریلیف دیا جائے تاکہ صنعتی شعبہ ترقی کرسکے-