سرکاری نرخوںپر

رمضان میں اشیاءکی سرکاری نرخوںپرفروخت یقینی بنانے کےلئے تھوک مارکیٹوں ، ہول سیلرز کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے

لاہور( این این آئی)پرائس کنٹرول کمیٹی کے سابق چیئرمین میاں عثمان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت یقینی بنانے کےلئے تھوک مارکیٹوں اور ہول سیلرز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنانا ہوگا، رمضان المبارک میں سبزیوں،پھلوں ،چکن ، گوشت اور اشیائے خوردونوش کی طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے کےلئے متعلقہ ایسوسی ایشنز سے پیشگی ملاقاتیں کی جائیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کےلئے رمضان بازاروں، فیئر پرائس شاپس اور پرچون دکانداروں کے لئے کسی طرح کی پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا جو تشویش کا باعث ہے ۔ گراں فروشوں کے خلاف بھی پیشگی مہم کا آغاز کیا جانا چاہیے تاکہ انہیں رمضان المبارک میں کنٹرول کیا جا سکے لیکن اس جانب بھی کوئی پیشرفت نہیں دیکھی جارہی ۔

انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری ریٹ لسٹ جاری ہونے سے عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی نہیں بنا ئی جا سکتی اس کےلئے حکومت تھوک مارکیٹوں اور ہول سیلرز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائے اور زمینی حقائق کے مطابق ریٹ لسٹ جاری کی جائے ۔ا نہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میںسب سے زیادہ پھلوں اورسبزیوں کی فروخت میں گراں فروشی ہوتی ہے اس لئے حکومت سب سے پہلے وافر مقدار میں سپلائی کو یقینی بنانے کےلئے اقدامات کا آغاز کرے تاکہ عوام کو گراں فروشوں کے استحصال سے بچایا جا سکے۔