لاہور( این این آئی )پنجاب میں حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کا ہدف پورا نہ ہونے کے امکان ہے، جنوبی پنجاب میں 3 لاکھ 62 ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو کہیں جزوی اور کہیں مکمل نقصان پہنچا، 25 فیصد اراضی پر گندم، مکئی کی تیار فصل کو جبکہ بہالپور ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں سب سے زیادہ نقصان ہوا۔حالیہ بارشوںں اور ژالہ باری سے ہونے والے نقصان کے حوالے سے تیار کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب میں 35 ہزار ایکٹر پر آم کے باغات کو جزوی جبکہ گندم اور مکئی کی فصل کو 80 سے 90 فیصد تک نقصان پہنچا۔
لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی کھڑی ایک لاکھ ایکڑ پر فصلیں خراب ہوئیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے جامع سروے کیا جائے اور تخمینہ لگا کر رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے یقین دہانی کرائی ہے کہ فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا، کاشتکاروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔