محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ کی اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

لاہور : این سی اے میں فرائض نبھانے کیلئے ثقلین مشتاق اور عتیق الزماں بھی مضبوط امیدوار، سابق قومی کپتان محمد یوسف کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے جبکہ ان کے ہمراہ اسپنرز کی تربیت کیلئے ثقلین مشتاق اور وکٹ کیپرز کیلئے عتیق الزماں بھی مضبوط امیدوار قرار دیئے جا رہے ہیں۔اپنے وقت کے اسٹائلش بیٹسمین محمد یوسف کافی عرصے سے اس بات کا گلہ کرتے رہے ہیں کہ ان کی خدمات سے بورڈ استفادہ نہیں کرتا تاہم باخبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کیلئے بیٹنگ کے شعبے میں لاتعداد کارنامے انجام دینے والے بیٹسمین کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری ملنے کا قوی امکان ہے جہاں وہ نوجوان پلیئرز کی بیٹنگ میں خامیوں کو سدھاریں گے ۔اسپن بالنگ کوچ کیلئے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کا نام لیا جا رہا ہے جن کو انٹرنیشنل کرکٹ میں کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے ۔ذرائع کے مطابق ایک ٹیسٹ کے تجربہ کار وکٹ کیپر عتیق الزماں بھی نو عمر وکٹ کیپرز کی کوچنگ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ سند یافتہ کوچ کو انگلینڈ میں بھی فرائض کی انجام دہی کا اعزاز حاصل ہے ۔