لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے مستحق افراد کو سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے سبسڈی کی بجائے متبادل پالیسی لانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت مستحق افراد کو ریلیف دینے کے لئے رمضان المبارک کی آمد پر اربوں روپے کی سبسڈی دیتی ہے۔
حکومت کی جانب سے اربوں روپے کی سبسڈی دیئے جانے سے وہ افراد جنہیں سبسڈی کی قطعی ضرورت نہیں ہوتی وہ بھی مستفید ہو رہے ہیں۔قرارداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت سبسڈی کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کے لئے مستحق افراد کا ڈیٹامرتب کرے تاکہ انہیں اربوں روپے کی سبسڈی کا حقیقی فائدہ ہو سکے۔
حکومت رمضان المبارک و دیگر موقعوں پر دی جانے والی اربوں روپے کی سبسڈی کو صرف مستحق افراد تک بااحسن طریقے سے پہنچانے کے لئے مربوط و جامع پالیسی مرتب کرے تاکہ صرف مستحق افراد ہی حکومتی سبسڈی سے مستفید ہوں۔