دبئی( آن لائن )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے ٹیم رینکنگ میں انگلش ٹیم کی ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی،پاکستان کی چھٹی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی ہے۔
آئی سی سی نے انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز ختم ہونے کے بعد تازہ رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت انگلش ٹیم 125 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے ، بھارتی ٹیم 121 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، جنوبی افریقن ٹیم 115 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ، نیوزی لینڈ 113 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے ، آسٹریلیا 109 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، پاکستان 94 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے ، انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد گرین شرٹس کے دو ریٹنگ پوائنٹس کم ہوئے ہیں۔سہ ملکی سیریز جیتنے والی بنگلہ دیشی ٹیم اب ساتویں پوزیشن پر موجود ہے اور اس کے پوائنٹس اب90ہوگئے ہیں،ویسٹ انڈین ٹیم77پوائنٹس لیکر آٹھویں نمبر پر موجود ہے،سری لنکن ٹیم76پوائنٹس کے ساتھ نویں اور افغانستان کی ٹیم62پوائنٹس لیکر دسویں پوزیشن پر براجمان ہے،
زمبابوے کی ٹیم54پوائنٹس کے ساتھ گیارہویں،آئر لینڈ 47پوائنٹس کے ساتھ بارہویں،سکاٹ لینڈ37پوائنٹس کے ساتھ تیرہویں،نیپال کی ٹیم19پوائنٹس لیکر 14ویں ،متحدہ عرب امارات کی ٹیم10پوائنٹس لیکر پندر ہویں اور پاپوا نیو گنی 6پوائنٹس کے ساتھ سولہویں نمبر پر موجود ہے۔