جیل میں

نواز شریف سے جیل میں خاندان کے افراد اورپارٹی رہنماﺅں کی ملاقات ،خیریت دریافت کی، ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں شریف خاندان کے افراد او رپارٹی رہنماﺅں نے ملاقات کی ، پارٹی رہنماﺅں کی جانب سے نواز شریف کو پیپلزپارٹی کے افطار ڈنر میں اپوزیشن کے درمیان زیر بحث آنے والے نکات اور مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں ہونے والی مشاورت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ، نواز شریف نے پنجاب میں پارٹی کو نچلی سطح تک فعال کرنے اور تنظیم سازی جلد سے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ نواز شریف نے رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری اور معیشت کی ابتر صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر، مریم نواز ، کیپٹن (ر) محمد صفدر ، عباس شریف مرحوم کے صاحبزادوں اور دیگر رشتہ داروںنے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی ۔ پارٹی رہنماﺅںشاہد خاقان عباسی ، خواجہ محمد آصف، رانا ثنا اللہ خان ، مشاہد اللہ خان ، انجینئر خر م دستگیر ،کھیل داس کوہستانی، رانا مشہود، مخدوم جاوید ہاشمی ،ذیشان ملک سمیت دیگر نے ملاقات کی ۔

اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال خصوصاً پیپلز پارٹی کے افطار ڈنر میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان زیر بحث آنے والے نکات اور فیصلوں اور مسلم لیگ (ن) کے اپنے اجلاس میں ہونے والی مشاورت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر پارٹی رہنماﺅں نے نواز شریف سے مستقبل کے حوالے سے رہنمائی بھی حاصل کی ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری اور معیشت کی ابتر صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے آج جو حالات ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ جو مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ گئے اب ان پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، جو استقامت کیساتھ کھڑا ہے مستقبل انہی کا ہی ہے، جو چھوڑ گئے اب وہ کبھی ہمارے قافلے میں شامل نہیں ہوسکیں گے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے رہنماﺅں سے پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور پنجاب میں پارٹی کو نچلی سطح تک فعال کرنے ہدایت کی ۔ نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد پنجاب میں پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے ،پارٹی سے وابستہ مخلص اور محنتی رہنماﺅں اور کارکنان کو عہدے دئیے جائیں،ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک پارٹی کے خالی عہدوں پر محنتی کارکنوں کی تعیناتیاں کی جائیں۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ میرٹ پر عہدے دیئے جائیں، عہدہ دیتے وقت میرے سمیت کسی کی بھی سفارش نہ مانیں۔لیگی کارکنان بھی اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کے لیے جیل کے باہر جمع ہوئے اور شریف خاندان کے افراد اور پارٹی رہنماﺅں کی آمد پر ان کا استقبال کیا۔مریم نواز کی کوٹ لکھپت آمد پر کارکنوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔