لاہور(این این آئی) پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے عید الفطر کی خوشیاں اپنے عزیزو اقارب کے ساتھ منانے کی بجائے دکھی انسانیت کی خدمت کو ترجیح دینے والے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسی جذبہ و پیشہ وارانہ لگن کو سارا سال برقرار رکھیں تاکہ ہسپتال آنے والے مریضوں کو بلا تعطل ریلیف ملتا رہے۔یہ بات انہوں نے گذشتہ روز ہسپتال کے مختلف شعبوں میں ڈیوٹی پر موجود سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین ، ڈائر یکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ ہسپتال انتظامیہ نے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب کو بتایا کہ 4تا 7جون تک سرکاری تعطیلات کے دوران ایل جی ایچ شعبہ ایمرجنسی میں 5ہزار سے زائد مریض آئے ۔
انہیں حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق آپریشن کا سامان ، سی ٹی سکین اور ادویات سمیت دیگر طبی و تشخیصی سہولیات مفت فراہم کی گئیں ۔نیز مریضوں اور ان کے لواحقین کو عید اور ٹرو پر سپیشل کھانا بھی مہیا کیا گیا تاکہ انہیں گھروں سے دوری کا احساس نہ ہو۔ ایم ایس کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران ایمرجنسی سمیت تمام شعبوں میں ملازمین الرٹ رہے ۔ جس کی بناء پر کسی مریض کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے بہترین انتظامات اور صفائی ستھرا ئی کا اعلی معیار برقرا ر رکھنے پر انتظامیہ کی تعریف کی۔