لاہور( این این آئی) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ عالمی معیار کی حامل ہنر مند فورس کی تیاری کےلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے والے ممالک سے جائنٹ وینچر کیا جائے ،سرکاری ٹیکنیکل اداروں کے نصاب میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور اسے بدلتے ہوئے رجحانات سے ہم آہنگ کیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سی ٹی آئی میں ٹریننگ حاصل کرنے والوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ ہر سال لاکھوں نوجوان روزگار کے لئے مارکیٹ میں آرہے ہیں اور حکومت نجی شعبے کے تعاون کے بغیر اس چیلنج سے نہیں نمٹ سکتی ۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں میٹرک کے بعد نوجوانوں کے رجحان کو دیکھنے کےلئے باقاعدہ پالیسی بنانی چاہیے اورایسے نوجوان جو تعلیم کے ساتھ ہنر سیکھنا چاہتے ہیں انہیں صرف مقامی مارکیٹ کے تناظر میں ہنر نہ سکھایا جائے بلکہ عالمی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرایا جائے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم دوسرے ممالک سے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ذہین ہنر مندوں کو اپنے خرچے پر بیرون ممالک بھجوایا جائے اور انہیں ملک میں واپس آ کر پاکستانی نوجوانوں کو ہنر سکھانے کی ذمہ داری سونپی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ بہت سے ممالک کو ہنر مندوں کی ضرورت ہے لیکن اس کےلئے حکومتی سطح پر اس طرح کاوشیں نہیں ہو رہی جس کی ضرورت ہے ۔