لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران نے ایمسنٹی سکیم کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھرپور تشہیر اور ایف بی آر کے رابطوں کے بعد سکیم سے استفادہ کر نے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ،ٹیکس کی شرح میں کمی کر کے ای ٹیکسیشن اور ون ونڈو کا نظام متعارف کرایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے دفتر میں تاجروں کے اجلاس میںگفتگوکرتے ہوئے کیا۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیموں کے مختلف مارکیٹوں کے دوروں اور بھرپور تشہیر کی وجہ سے ایمنسٹی سکیم سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میںاضافہ ہو رہا ہے اس لئے حکومت سے مطالبہ ہے کہ آخری تاریخ 30جون میں توسیع کی جائے جس سے حکومت کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی جانب سے اس سکیم کے حوالے سے مشاورت کا عمل بھی جاری ہے اس لئے حکومت عجلت کا مظاہرہ کرنے کی بجائے تاریخ میں توسیع کے مطالبے پر غور کرے ۔ اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ معیشت کو دستاویزی کرنے کا اقدام خوش آئند ہے لیکن بیک وقت تمام محاذ کھولنے کی بجائے اسے مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے ۔ ٹیکسز کی شرح میں کمی کی جائے کیونکہ ٹیکس دہندگان پہلے ہی بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ، ای ٹیکسیشن اور ون ونڈو کا نظام متعارف کرایا جائے ۔کاروباری شخصیات اور تاجروں کو ہراساں کرنے والے افسران اور ملازمین کےلئے بھی سخت سزا او رجزا کا نظام لایا جائے ۔