کرنٹ اکاﺅنٹ

کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 5 ارب 24 کروڑ ڈالر کی کمی

کراچی(این این آئی)مرکزی بینک کے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال جولائی سے مئی کے دوران کرنٹ اکانٹ خسارہ 12 ارب 67 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 5 ارب 24 کروڑ ڈالر کم ہوا ہے، اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا مئی میں جاری کھاتے کا خسارہ 12 ارب 67 کروڑ 80 ڈالر رہا، جب کہ 18-2017 کے دوران اسی عرصہ میں کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ17ارب 92 کروڑ ڈالر تھا۔ اس طرح رواں مالی سال کے دوران کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 5 ارب 24 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی۔مرکزی بینک کے اعداد وشمار کے مطابق جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کا 4.8 فیصد ہے جب کہ مالی سال کے اسی عرصہ کا خسارہ جی ڈی پی کا 6.2فیصد تھا۔

اپریل میں ایک ارب 24 کروڑ ڈالر خسارہ ریکارڈ کیا گیا اور مئی کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ ایک ارب 8 کروڑ ڈالر رہا، جولائی تا مئی درآمدات میں 3 ارب ڈالر کمی واقع ہوئی۔اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ تجارتی خسارہ 2 ارب 60 کروڑ ڈالر کم ہوگیا اورجولائی تا مئی تجارتی خسارے کی مالیت 26 ارب 11 کروڑ ڈالر رہی، اشیا و خدمات کی تجارت کا مجموعی خسارہ 4 ارب 15 کروڑ ڈالر کم رہا، ترسیلات کی مالیت گزشتہ مالی سال سے ایک ارب 90 کروڑ ڈالر زائد رہی اور یہ مالیت 20 ارب 19 کروڑ ڈالر ہے۔