شیخوپورہ (صباح نیوز) شیخو پورہ میں فیروز والا کچہری کے بخشی خانہ حوالات کا تالا توڑ کر 3 ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ غفلت اور لاپروائی پر 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او شیخو پورہ غازی محمد صلاح الدین نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن محمد اکمل کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
پولیس کے ترجمان نے کہا کہ غفلت برتنے والے بخشی خانہ حوالات کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو معطل کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقہ سیل کر دیا گیا جبکہ وہاں سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق مفرور ملزمان میں عرفان علی، شمشیر اور علی عمران شامل ہیں.
جو پیشی کے موقع پر بخشی خانہ حوالات کا تالا توڑ کر فرار ہوگئے تھے۔پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے والوں میں ایک ہیڈ کانسٹیبل اور 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شامل ہیں، جبکہ انسپکٹر اصغر علی مفرور ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔حراست میں لیے جانے والے پولیس اہلکاروں میں ہیڈ کانسٹیبل محمد انور، کانسٹیبل عقیل، محمد حسیب، غلام دستگیر شامل ہیں.