سکول ایجوکیشن

محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کے تبادلوں کے حوالے سے پہلا مرحلہ مکمل کر لیا

لاہور( این این آئی)وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے ارفع کریم ٹاور میں ای ٹرانسفرکے حوالے سے منعقدہ تقریب میں ٹرانسفر کے منتظر18ہزار اساتذہ کو ایک کلک کے ذریعے ٹرانسفر آرڈ جاری کئے۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ نے بغیر کوئی پیسہ خرچ کئے پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ای-ٹرانسفر کا نظام متعارف کروا یا ہے۔اساتذہ کے تبادلے کرنا انتہائی مشکل کام تھا مگر اب اساتذہ گھر بیٹھے دوخواست جمع کروا سکیں گے اور اپنے موبائل فون پر ہی ٹرانسفر آرڈر وصول کریں گے۔

پہلے مرحلے میں 32ہزار اساتذہ نے تبادلہ کے لئے درخواست دی جبکہ 18ہزار اساتذہ کے ٹرانسفر آرڈر جاری کئے گئے ہیں۔ 2400اساتذہ کی درخواست کاغذات مکمل نہ ہونے پر مسترد کی گئی ہے۔ اس تمام عمل میں میرٹ اور شفافیت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ اس حوالے سے سابقہ حکومتیں بھی اقدامات کر سکتی تھیں مگر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسا نہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں ، اگلے مرحلے میں سروس بک، ریٹائرمنٹ اور پینشن سے متعلق ڈیٹا کو بھی آن لائن کر دیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر پی آئی ٹی بی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیر سکول ایجوکیشن نے کہا کہ سی ای او ایجوکیشن کی تعیناتی کے لئے سرچ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس سے سفارش اور رشوت کے کلچر کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ رانا مشہود جیسے لوگوں نے اس ڈیپارٹمنٹ کو تباہ کر دیا تحریک انصاف کی حکومت بہتری لانے کے لئے سر توڑ کوشش کر رہی ہے۔ یہ احتساب کاوقت ہے، کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، سب چور پکڑے جائیں گے ۔