میڈیکل کالجز میں داخلوں کی پالیسی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی۔عدالت نے وائس چانسلر یو ایچ ایس و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن نے میڈیکل کے طالبعلم مصطفیٰ خالد کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ لیا، دوسرے کالج میں مائیگریشن کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، دوسرے کالج میں مائیگریشن کی اجازت نہ دینا آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی ہے۔
درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت پی ایم ڈی سی کے رول 21 کو کالعدم قرار دے۔
لاہور میڈیکل کالج کی جانب سے اشفاق احمد ملک عدالت میں پیش ہوئے، وکیل نے کہا کہ ہمیں درخواست میں فریق نہیں بنایا گیا، درخواستگزار نے پالیسی کو تسلیم کر کے داخلہ لیا۔عدالت نے دونوں کے دلائل سننے کے بعد وائس چانسلر یو ایچ ایس و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
Load/Hide Comments