اسکیم کی مدت

اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی مدت 30دن بڑھائی جائے ‘زاہد بخاری

لاہور(گلف آن لائن )پاکستان انٹرپرنیورزفورم کے سیکرٹری اطلاعات و آل پاکستان پیپر مرچنٹ انصاف گروپ پینل کے سیکرٹری جنرل زاہد بخاری نے کہا ہے کہ اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کی مدت میں 3دن کی توسیع کی گئی ہے لیکن یہ ناکافی ہے اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کی مدت 30دن تک بڑھائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میںلوگ اس سکیم سے فائدہ اٹھاسکیں جو قومی خزانہ کیلئے لیے سود مندہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زاہد بخاری نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کا اس سکیم سے فائدہ اٹھانا قومی خزانہ کیلئے سود مند ہوگا ۔ایمنسٹی سکیم سے ٹیکس نیٹ اور حکومتی ریونیو میں اضافہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی ۔اور ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ سے موجودہ ٹیکس دہندگان پر ٹیکسوں کا بوجھ بھی کم ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کی کامیابی کیلئے اس کی مدت میں اضافہ سے مزید لوگ اس سکیم سے استفادہ کرینگے اور حکومتی ریونیو اور ٹیکس نیٹ میں مزید اضافہ ہوگا جس سے ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھے گی اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے حکومت کو بیرونی قرضوں سے نجات ملے گی ۔