سٹینڈرڈ چارٹرڈ

سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے پاکستان میں کام بند کرنے کی خبروں کی تردید کر دی

کراچی(آن لائن ) سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے پاکستان میں کام بند کرنے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک انتظامیہ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ’’ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے پاکستان میں کام بند کرنے کی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں، ہم ان خبروں کی مکنل تردید کرتے ہیں، سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک 150سالوں سے پاکستان میں خدمات فراہم کر رہا ہے، اور کرتا رہے گا، ہمیں ملک میں اپنے صارفین کی خدمت پر فخر ہے‘‘۔خیال رہے کہ اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے پاکستان میں کام بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

کہا گیا تھا کہ بینک نے تمام صارفین کے اکاونٹس حبیب بینک میں منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اوراب اس بینک کے تمام صارفین حبیب بینک کے صارفین ہوں گے۔ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان بننے سے بہت پہلے 1863میں برصغیر میں قائم کیا گیا تھا اور اب اسے پاکستان میں کام کرتے 156سال ہو چکے ہیں۔ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی پاکستان میں 94برانچزہیں اور 9ہزار ملازمین ان برانچز میں کام کرتے ہیں۔ اپنے کاروبار کے آغاز سے ہی اسٹینڈرڈ چارٹرڈ متعدد معیاری مصنوعات اور سہولیات متعارف کروا چکا ہے، جن کے ذریعے مختلف ضروریات کے حامل صارفین کی بھرپور خدمت کی جاتی رہی ہے۔خیال رہے کہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کو سال 2019 کا "بہترین کمرشیل بینک” ہونے کا اعزاز دیا جا چکا ہے ، مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان”(MAP)کی منعقد کردہ ” کارپوریٹ ایکسلنس ایوارڈز ” کی سالانہ تقریب میں بینک کو یہ اعزاز دیا گیا تھا۔ یہ شاندار اعزاز اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی بے مثال خدمات،جدید بینکاری کی مصنوعات اور اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف میں دیا گیا۔اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان نے وسیع ترین مقامی بینکوں کے ساتھ مسلسل مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان میں بینکنگ کی صنعت میں اعلیٰ ترین مقام حاصل کیا اور یہ اعزازجیتا۔