فرانزک آڈٹ

پوری حکومت جج ارشد ملک کی ترجمان بننے کی بجائے ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرائے

لاہور (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پوری حکومت جج ارشد ملک کی ترجمان بننے کی بجائے ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرائے۔اصل ویڈیو کا ابھی 25فیصد حصہ جاری کیا 75فیصد حصہ ابھی باقی ہے۔جج ارشد ملک کی جانب سے اپنی پریس ریلیز میں مریم صفدر صاحبہ کے الفاظ استعمال کرنا افسوسناک ہے۔احتساب عدالت کے اپنے فیصلے میں مریم صفدر کی بجائے ’’مریم نواز‘‘ لکھا ہے۔ویڈیو حقائق پر مبنی ہے جبکہ نواز شریف کیخلاف فیصلے مفروضوں پر مبنی تھے۔عظمیٰ زاہد بخاری نے صمصام بخاری کے بیان میں اپنے ردعمل میں کہا اگر پوری ویڈیو سامنے آگئی تو حکومتی ترجمانوں کو منہ چھپانے کیلئے جگہ نہیں ملے گی۔مسلم لیگ ن کو جلسے کی اجازت نہ دینا جمہوری روایات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔دھرنوں کیلئے کنٹینر فراہم کرنے والے ایک جلسے سے خوف زدہ ہیں۔جلسے،جلوس اور ریلیاں نکالنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے۔ناکام حکومت اپنی اصلیت ظاہر ہونے سے خوفزدہ ہے۔انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کو جواز بنانا بچگانہ حرکت ہے۔عمران نیازی نے ڈی جی چوک میں 126کا دھرنہ روزانہ دہشتگردی کے حملوں کے باوجود جاری رکھا۔دھرنوں کی پیداوار جماعت نے پانچ سال ہر روز دھرنے اور احتجاج جاری رکھے۔نواز شریف نے جرات و بہادری سے فسادی ٹولے کا مقابلہ کیا۔مریم نواز اس کٹھ پتلی اور جعلی وزیر اعظم کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔مریم نواز کو اب عوام کی ترجمانی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔