فیصل آباد میں تاجروں کا شٹر ڈاﺅن

بجٹ میں نئے ٹیکسوں کا نفاذ، فیصل آباد میں تاجروں کا شٹر ڈاﺅن

فیصل آباد (صباح نیوز) فیصل آباد میں تاجر تنظیموں نے مہنگائی اور بجٹ میں نئے ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف دو روزہ شٹر ڈاﺅن کی کال دیدی، شہر میں اہم کاروباری مراکز بند ہیں۔

فیصل آباد انجمن تاجران سپریم کونسل کی جانب سے 8 اور 9جولائی کو مکمل شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی کال دی گئی جس پر شہر کے مرکزی آٹھ بازار، ملحقہ کپڑے کی بڑی مارکیٹیں، غلہ منڈی اور دیگر کاروباری مراکز بند ہیں.

تاہم کچھ مارکیٹیوں میں چند دکانیں اور ہوٹلز کھلے ہیں۔کونسل کے سرپرست اعلی اسلم بھلی نے بتایا کہ ہڑتال کا فیصلہ شہر بھر کے کاروباری مراکز کی نمائندہ تنظیموں کی مشاورت اور دکانداروں کے اصرار پر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 17 فیصد سیلز ٹیکس نافذ کرنے سے کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں، ہول سیلرز اور پرچون فروشوں کا شناختی کارڈ فراہم کرکے سیلز ٹیکس کے نظام میں فوری طور پر رجسٹرڈ ہونا ممکن نہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔