ملیحہ لودھی

پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، ملیحہ لودھی

واشنگٹن (صباح نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، دہشت گردی اور منظم جرائم میں گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے۔

پاکستانی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور منظم جرائم میں گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے،عالمی برادری کو خطرات سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہو گی، معلومات اور ٹیکنالوجی سے منظم جرائم اور دہشتگرد ی کو روکا جا سکتا ہے.

پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے تاہم پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہرسال ریکارڈ مقدار میں منشیات برآمد کررہے ہیں، ہمارے خطے میں منشیات، قدرتی وسائل اور انسانی اسمگلنگ دہشت گرد تنظیموں کے بڑے ذرائع آمدن ہیں.

جرائم پیشہ افراد اور دہشت گرد باہمی مفاد میں ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں، لہذا منشیات کی پیداوار روکنے کیلئے عدم استحکام کا خاتمہ اورروزگار کے مواقع کی فراہمی ناگزیر ہے،پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود انسداد منشیات کیلئے کردارادا کیا ۔

پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے دہشت گردی کی روک تھام کرنے والے اداروں کو چند ممالک کے سیاسی مفادات کے فروغ کا آلہ کار نہیں بننا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قومی ایکشن پلان کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی مربوط اور جامع پالیسی بنائی گئی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں جاری بربریت اور ریاستی دہشت گردی پر بھی توجہ دینی چاہیے۔انسداد دہشت گردی کی عالمی حکمت عملی میں غاصبانہ تسلط اور مقبوضہ علاقوں کی حق خودارادیت کے انکار سے جنم لینے والی صورتحال پر بھی توجہ دینی چاہئے ۔