لاہور(صباح نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پیرا گون ہاسنگ سکینڈل میں خواجہ برادران پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 8 اگست کی تاریخ مقرر کر دی۔ عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 8 اگست تک توسیع کر دی۔
منگل کو پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی میں بے ضابطگیوں کے الزام میں خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس کی سماعت کے لیے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو احتساب عدالت پہنچایا گیا۔
اس موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے تھے اور غیر متعلقہ افراد کا عدالت میں داخلہ بند کر دیا گیا تھا۔احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس کی سماعت کی۔دورانِ سماعت احتساب عدالت نے خواجہ برادران پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 8 اگست کی تاریخ مقرر کی۔
خواجہ سعد رفیق نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جو کچھ ہمارے ساتھ ہو رہا ہے کچھ مہینے بعد ان کے ساتھ ہو گا، ہم نہیں چاہتے عمران خان کے ساتھ وہی بد سلوکی ہو جو ن لیگ اور پی پی پی کے ساتھ ہو رہی ہے، اب بھی وقت ہے میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت کر لیں، اپوزیشن کو رگڑا لگانے کی بجائے میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت پر غور کریں۔
لیگی رہنما سعد رفیق کا کہنا تھا سینٹ کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے، حاصل بزنجو اپوزیشن کے مشترکہ امید وار ہے، چیئرمین سینٹ کی ذات سے کوئی اختلاف نہیں ہے، چئیرمین سینٹ اچھے آدمی ہے، پروڈکشن آرڈر دنیا میں جہاں جہاں جمہوریت ہے جاری کیے جاتے ہیں۔
یہاں اس لیے جاری نہیں کیے جاتے کہ مزید گرفتاریاں ہونی ہیں۔سابق وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ کامیاب ہڑتال نے ثابت کر دیا کہ عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے تنگ ہیں۔