ہیپاٹائٹس کے تدارک

دنیا بھر میں آج ہیپاٹائٹس کے تدارک کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔70 لاکھ سے زائد پاکستانی ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا

کراچی(صباح نیوز)دنیا بھر میں آج بروز اتوار ہیپاٹائٹس کے تدارک کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے 2030 میں دنیا کو ہیپاٹائٹس فری بنانے کا عزم کر رکھا ہے،پاکستان بھر میں 70 لاکھ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس سی جیسے مرض میں مبتلا ہیں۔ کراچی میں ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کی مناسبت سے آگاہی سیمینارز، واک اور اسکریننگ کیمپوں کا انعقاد کیا جائے گا جہاں ماہرین ہیپاٹائٹس پھیلنے، تدارک اور ادویات کے استعمال پر آگاہی فراہم کریں گے۔دنیا بھر میں انفیکشنز بیماریوں سے نمٹنے کے لئے عالمی ادارہ صحت بھی سرگرم ہے۔

پاکستان میں موذی مرض ہیپاٹائٹس سی متاثرہ افراد کی تعداد محتاط اندازے کے مطابق 70 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جبکہ نسبتا کمزور وائرس پر مشتمل ہیپاٹائٹس بی کے مریض ملک بھر میں 40 لاکھ ہیں۔کراچی میں سرکاری و نجی سطح پر اس مرض سے نمٹنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں۔ ہیپاٹائٹس سی کو خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق 85 فیصد افراد کو اس وائرس کے پھیلنے کا پتہ ہی نہیں لگ پاتا۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے آگاہی مہم پورا سال چلانے کی ضرورت ہے۔ انتقال خون، سلیونز میں حجامت کے وقت احتیاط ضروری ہے۔عالمی یوم ہیپاٹائٹس پر ڈاو یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں منعقدہ سیمینار میں شریک رضاکاروں کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس کی ادویات ڈاکٹرز کے مشورے کیبغیر ہرگز استعمال نہیں کرنی چاہئے۔پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مرض سے نمٹنے کے لئے سرکاری و نجی سطح پر صحت کے تمام محکمے کوششیں کررہے ہیں امید ہے کہ پاکستان بھی عالمی ادارہ صحت کے ہدف کے مطابق فری ہیپاٹائٹس ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔