پشاور(صباح نیوز) خیبر پختونخوا میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا، وزیراعلی محمود خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی بابر بن عطا نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔
پیر کو خیبر پختونخوا کے وزیراعلی محمود خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے پولیس سروسز ہسپتال میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا،
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کی صاحبزادی کو پولیو کے قطرے پلائے۔وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ انسداد پولیو مہم صوبہ کے 29 اضلاع میں چلائی جائے، معاشرے کے تمام افراد انسداد پولیو مہم میں ساتھ دیں، پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے۔
والدین پولیو ویکسینیشن کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ خیبرپختونخوا کو پولیو فری بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام سرکاری محکموں سے شکایات پر پولیو ویکسینشن کا بائیکاٹ نہ کریں۔ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہو گا، پاکستان کا امن افغانستان کے ساتھ جڑا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی بابر عطا نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت قطرے نہ پلانے پر والدین کیخلاف کارروائی نہیں کرے گی۔ پچیس سال سے زبردستی بھی بچوں کوقطرے پلانےکی کوشش کی جس سے والدین متنفر ہوئے۔
تین روزہ انسداد پولیو مہم کے لیے سولہ ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جبکہ چھالیس لاکھ بچوں کو انسداد پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں تین مزید پولیو کیسز سامنے آنے کے بعد رواں سال کے دوران اس مو ذی مرض کی تعداد 44 ہو گئی ۔mk/ah