برسلز(صباح نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے مقبوضہ وادی کشمیر کے لوگوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں کے غیور عوام اپنا لہو دے کر بھی آزادی کی شمع کو بجھنے نہیں دے رہے.
مودی حکومت طاقت کے زعم میں کشمیر کو ہضم نہیں کرسکتی۔ برسلز پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ مودی حکومت تاریخ سے انکار نہیں کرسکتی اورمحض طاقت کے زعم میں مقبوضہ وادی کو ہضم نہیں کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ بھارتی حکومت کے غیرانسانی و غیراخلاقی اقدامات نے کس طرح انسانی المیے کو مقبوضہ وادی چنار میں جنم دیا ، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ، مسئلہ کشمیر دراصل کشمیری عوام کے جمہوری حق اور دنیا میں ایک تسلیم شدہ تنازعے کا مسئلہ ہے.
اقوام متحدہ کی گیارہ قرار دادیں اس کا بین ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے نئے پارلیمانی سال کے پہلے دن ہی مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے میں شامل کیا ہے۔