عمران خان

پاکستان میں اگر کوئی دھرنے کا ماہر ہے تو وہ میں ہوں، عمران خان

اسلام آباد (لاہور نامہ) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان میں اگر کوئی دھرنے کا ماہر ہے تو وہ میں ہوں۔ پیر کو ہزارہ موٹر وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دور ان آزادی مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پچھلے دنوں کنٹینر پر جو سرکس ہوئی، بتانا چاہوں گا کہ پاکستان میں اگر کوئی بھی دھرنے کا ماہر ہے تو وہ میں ہوں، میں نے کہا تھا کہ اگر ایک مہینہ یہ کنٹینر پر گزار دیں تو میں مان جاؤں گا،

میں نے 126 دن کنٹینر پر گزارے ہیں، میں جانتا ہوں کہ کنٹینر اور دھرنا کیا ہوتا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ دھرنے کے نام پر مدرسے کے بچوں کو لایا گیا، ہماری حکومت پہلی حکومت ہے جس نے مدرسوں کے بچوں کی ذمہ داری لی، دھرنے کے شرکا سے جاکر پوچھا جائے تو انہیں معلوم بھی نہیں ہوگا کہ ان کا دھرنے میں آنے کا مقصد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے مشکل گھڑی میرے لیے اس وقت تھی کہ جب بارش میں مدرسے کے بچے باہر بیٹھے تھے اور مولانا فضل الرحمن گرم کمرے میں گھر پر بیٹھے تھے۔