اسلام آباد (لاہور نامہ) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو توہین عدالت کیسز سے بری کر دیا۔ عدالت نے دونوں رہنماﺅں کو معاف کرتے ہوئے ان کی غیر مشروط معافی قبول کر لی اور انہیں جاری توہین عدالت کے شوکاز نوٹس واپس لے لئے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ عدالت مطمئن تھی کہ آپ نے جو کچھ بھی کہا وہ توہین عدالت میں ضرور آتا ہے لیکن عدالت اس کے باوجود توہین عدالت کے شوکاز نوٹس واپس لے رہی ہے۔ سیاست کے لئے اداروں کو متنازعہ بنانا درست نہیں ہے اور توقع رکھتا ہوں کہ آپ اداروں پر لوگوں کا اعتماد بڑھائیں گے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں گے۔