دھند کی شدت زیادہ

لاہورمیں سموگ کا راج بڑی حد تک ختم، دھند کی شدت زیادہ رہنے کے امکانات، محکمہ موسمیات

لاہور(لاہور نامہ) لاہور میں سموگ کا راج بڑی حد تک ختم ہوگیا، اب اس کی جگہ فوگ نے لینے کی تیاری کرلی۔ محکمہ موسمیات نے اِس مرتبہ ماہ دسمبر کے دوران دھند کی شدت زیادہ رہنے کے امکانات ظاہر کر دئیے ۔سموگ کے عفریت نے کئی ہفتوں تک لاہور کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا، اِس دوران کئی ایک مواقع پر لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر بھی براجمان رہا۔

اِس صورت حال پر وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھی تشویش کا اظہار سامنے آچکا ہے۔ مقام شکر ہے کہ بالآخر اِس سے بڑی حد تک نجات حاصل ہوگئی ۔دوسری طرف محکمہ موسمیات کی طرف سے قرار دیا گیاکہ اب سموگ کی جگہ فوگ نے لینے کی تیاری مکمل کرلی جس کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور لاہور میں بھی دھند پڑنا شروع ہوچکی ہے، ماہ دسمبر کے دوران اِس کی شدت گذشتہ برسوں کی نسبت زیادہ رہنے کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ۔دھند سے کسی حد تک مشکل تو ضرور ہوتی ہے لیکن یہ اپنے اندر متعدد رومانوی تصورات بھی لیے ہوئے آتی ہے۔