عبدالعلیم خان کی احتساب عدالت میں پیشی پر مناسب حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر چار افسران کو شوکاز نوٹس جاری

لاہور:عبدالعلیم خان کی احتساب عدالت میں پیشی پر مناسب حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر چار افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے متعلقہ ڈی ایس پی سیکورٹی اور نیب کے ونگ ڈائریکٹر کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے عبدالعلیم خان کیس کے نیب تفتیشی مقدمہ اور نیب کیس افسر کو بھی شوکاز کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا۔ افسران پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر عبدالعلیم خان کو لانے کے لئے ججز کمپاؤنڈ استعمال کیا۔ مناسب سیکورٹی انتظامات نہ کرنے پر کارکنوں کی بڑی تعداد کمرہ عدالت اور ججز کمپاؤنڈ میں داخل ہو گئی۔ ملزم کی آمد کے موقع پر ججز کمپاؤنڈ میں گل پاشی کی گئی۔ احاطہ عدالت ،کمرہ عدالت اور ججز کمپاؤنڈ میں کارکنوں نے نعرے بازی کی گئی۔ بے قابو ہجوم کے باعث ججز کمپاؤنڈ میں گملے بھی ٹوٹے اور ایک دروازے کو بھی نقصان پہنچا ۔ عدالت نے متعلقہ ایس پی کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔