اسلام آباد( لاہور نامہ) رواں سال حج کے سلسلے میں سعودی عرب نے پاکستان سے رابطہ کر کے محدود حج کے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے رواں سال محدود حج کے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر صالح بن بنتن نے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ رواں سال صرف سعودی شہری اور اقامہ ہولڈرز ہی حج ادا کریں گے۔ نیز، کرونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کر لی۔
دریں اثنا، وزارتِ مذہبی امور نے نئی صورت حال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا، ترجمان مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں امسال سفیر اور سفارتی عملہ حج میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی حکومت نے محدود پیمانے پر حج کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا، سعودی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب سے باہر سے کوئی حج پر نہیں آئے گا، صرف مقامی طور پر رہائش پذیر افراد کو حج کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ تقریبا 25 لاکھ کے قریب افراد ہر سال حج کی سعادت حاصل کرنے مختلف ممالک سے جاتے ہیں تاہم کرونا کی وجہ سے رواں سال یہ ممکن نہیں ہو سکے گا، رواں سال حج انتہائی محدود تعداد میں حجاج کرام کے ساتھ ہوگا، یہ فیصلہ عازمین حج کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔