اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا
ایس اوپیز پر عمل درآمد کرنے سے اسپتال جلد ویران ہونگے.
قومی یکجہتی میں دراڑ ڈالنے والے بیانات سے گریز اور متحد ہوکر وبا کا مقابلہ کرنا ہے.
کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہو خطرہ ابھی موجود ہے.
حکومت نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کی۔
ہفتہ کو وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنے
کیلئے اسلام آباد میں پولی کلینک کا دورہ کیا اور لیڈی ہیلتھ ورکرز
کو گلدستے پیش کئے۔
تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ
وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاون
کی حکمت عملی اپنائی جس سے کورونا کے کیسز میں کمی آئی.
عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی کو دنیا نے اپنایا، متحد ہوکر وبا کا
مقابلہ کرنا ہے جبکہ بے یقینی، افواہوں اور ایسے بیانات دینے سے گریز کرنا
ہوگا جس سے قومی یکجہتی میں دراڑیں پڑیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں، اس
سے کورونا پر کافی حد تک کنٹرول پایا گیا ہے.
تاہم کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا لہذا خطرہ اب بھی موجود ہے، حکومت نے کورونا وبا کے دوران احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگوں تک امداد پہنچائی،
ایک سو پچاس ارب روپے میرٹ پر ایک کروڑ خاندانوں میں تقسیم کئے گئے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کی بلکہ سنجیدہ اقدامات کیے اور وبا کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہی.
حکومتی کوششوں سے کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھایاگیا.
شبلی فرازنے مزید کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام کو 100 دن مکمل ہوگئے.
این سی او سی نے وبا کو جس طرح موثر انداز میں کنٹرول کیا وہ قابل تحسین ہے، اس نے وبا کے پھیلاوکو روکنے کیلئے دن رات کام کیا۔