ایف بی آر کی آن لائن

تاجروں کو ایف بی آر کی آن لائن نظام میں رجسٹریشن کیلئے مزید 2 ماہ کی مہلت

اسلام آباد(لاہورنامہ) ایف بی آرنے ٹیئر ون میں شامل تاجروں کو پوائنٹ

آف سیل نصب کر کے آن لائن سسٹم سے منسلک ہونے کیلئے مزید 2ماہ

کی مہلت دیدی۔

ایف بی آر کی جانب سے حوصلہ افزا نتائج نہ ملنے کے باعث ڈیڈ لائن

میں بار بار توسیع کی جاتی رہی ہے.

اس سے قبل 31 مارچ تک مہلت دی گئی جو بڑھا کر پہلے 30 اپریل اور

پھر 30 جون تک توسیع کی گئی.

اب 31 اگست تک بڑھا دیا گیا ہے تاہم اس کیلئے تاجروں کو 20 اگست تک

متعلقہ ریجنل ٹیکس آفس اور لارج ٹیکس پیئر یونٹ کو تحریری طور پر آگاہ کرنا ہوگا.

اس حوالے سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

اس سسٹم کے نصب ہونے پر ٹیئر ون میں شامل دکانداروں کی سیل ریئل ٹائم بنیادوں پر مانیٹر ہوسکے گی۔

سینئر افسر نے بتایا کہ دکانداروں کو سسٹم کے ساتھ انٹی گریٹ کرنے میں مشکلات پیش آرہی تھیں، علاوہ ازیں کورونا کے باعث بھی تاجر تنظیموں کی جانب سے ایف بی آر سے کہا جارہا تھا کہ دکانداروں کو مہلت دی جائے۔

اس کے بعد مزید توسیع نہیں کی جائے گی اور جو دکاندار و ریٹیلرز یہ سسٹم نصب نہیں کریں گے ان کے خلاف سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت یکطرفہ کارروائی کی جائیگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے سسٹم سے منسلک ہونے والے چین سٹورز اور تاجروں کو رعایتی سیلز ٹیکس کی سہولت حاصل ہو گی۔