اسلام آباد (لاہورنامہ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اپنے لاکھوں طلبہ کو
اکیڈمک سپورٹ فراہم کرنے کے لئے میٹرک/ایف اے اور بی اے
پروگرامز کی تدریسی کتب کی سافٹ کاپیز ویب سائٹ پر فراہم کردی ہیں.
ٗتاکہ طلبہ و طالبات اپنی ہوم اسائنمنٹس بروقت تیار کرسکیں.
دیگر تعلیمی پروگرامزکی کتب بتدریج ویب سائٹ پر فراہم کی جارہی ہیں۔
طلباء اپنی کتابیں ویب سائٹ پر Booksوالی آپشن سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
طلباء کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے
طلبہ کو بذریعہ ڈاک کتب ارسال کرنے کے ساتھ ہی ساتھ تمام درسی کتب کو
ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کی خصوصی احکامات صادر کئے تھے۔
ملک کے طول و عرض میں موجود یونیورسٹی کے لاکھوں طلبہ کو ویب سائٹ پر کتب دستیاب کرانا یونیورسٹی کا ایک اور بڑا کارنامہ ہے اور اس اقدام سے طلبہ کی جانب سے کتب نہ ملنے کی شکایات کا خاتمہ ہوگا۔
وائس چانسلر نے تدریسی امور کو مینول سے آٹومیشن پر منتقلی(ڈیجیٹلائزیشن)کو پہلی ترجیح دے رکھی ہے جس کا بنیادی مقصد طلبہ کو تیز رفتار بنیادوں پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ٗ امور میں شفافیت اور تعلیمی معیار میں اضافہ کرنا ہے۔
علاوہ ازیں سمسٹر بہار 2020ء میں پیش کئے گئے تعلیمی پروگرامز میں داخل لاکھوں طلبہ و طالبات کو بذریعہ ڈاک بھی کتب کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔