اسلام آ باد (لاہورنامہ) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان ایف
اے ٹی ایف ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنا رہا ہے۔
حفیظ شیخ نے پائیدار ترقی ایجنڈا 2030 کے پینل سے ویڈیو لنک پر خطاب
میں کہا پاکستان ایف اے ٹی ایف کے 27 نکاتی ایکشن پلان میں
سے 14 پر مکمل عمل کر چکا ہے اور باقی 13 نکات پر بھی نمایاں
پیش رفت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار ملک ہے، منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف قوانین کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشترکہ جائزہ رپورٹ کی سفارشات پر نمایاں پیش رفت کی ہے، منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف نیشل رسک اسیسمنٹ میں بہتری لائی گئی۔
مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ فلاحی تنظیموں، بچت اسکیموں، پاکستان پوسٹ سے جڑے خطرات کے تدارک کے لیے اقدامات کیے گئے جب کہ رقوم کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے قوانین مزید سخت کیے گئے۔