لاہور(لاہورنامہ):پنجاب بھر کے ریسکیو سیفٹی افسران اورانسٹرکٹرز کی چھٹے
گلوبل ہدف واٹر سینیٹیشن اینڈ ہائی جین (WASH)کی کرونا کے حوالے
سے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقادمنیجرز ٹریننگ سنٹر، ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں
ریسکیوسروس اور والنٹری سروسز اوورسیز کے تعاون سے کیا گیا۔
اس ورکشاپ کا مقصد ریسکیو سیفٹی افسران کو گلوبل اہدا ف 6کے حوالے سے استعداد کار میں اضافہ کر کے ماسٹر ٹرینرز بنانا ہے.
تاکہ وہ ریسکیورز اور کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز کے ذریعے کورونا کی وباء کے دوران WASH کی سرگرمیوں کا انعقاد کر کے سیفٹی کو فروغ دیں اور وباء کو مزید پھیلنے سے روکنے میں عملی کردار ادا کریں۔
WASHٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد 10جولائی سے 14جولائی تک دو گروپس میں کیا گیا جس کی اختتامی تقریب گذشتہ روز منعقد کی گئی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122)ڈاکٹر رضوان نصیر تھے جبکہ VSOکے ٹریننرز، رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ریسکیو ہیڈکوارٹرز اور اکیڈمی کے سنیئر افسران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ایسی تربیتی ورکشاپ کا مقصد ریسکیو سروس کے مڈل منیجرز کی استعداد کار میں اضافہ ہے تاکہ وہ پنجاب کے تمام اضلاع میں سروس کے معیار کو برقرار رکھ سکیں.
انہوں نے ریسکیو سیفٹی آفیسرز کو کہا کہ وہ WASHکے حوالے سے سیکھائے گئی سرگرمیوں کو اپنے اضلاع میں جا کر نافذالعمل کریں اور کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز کو یونین کونسلز کی سطح پر اس کام میں شامل کریں۔
تقریب کے دوران کورس کوآڈینیٹرمس دیبا شہناز نے بتایا کہ 10سے 14جولائی کے دوران 51ریسکیو سیفٹی آفیسرز اور سیفٹی انسٹرکٹرز نے تربیتی ورکشاپ میں حصہ لیا۔ ورکشاپ کے شرکاء کو WASHکے حوالے سے لیکچرز، پریذینٹیشن دی گئی اورلیڈ انسٹرکٹر محمد احسن اور ٹریننرز کی ٹیم نے شرکاء کو مختلف عملی مشقوں سے گزاراجس میں ذاتی حفاظتی آلات کا استعمال ہاتھ دھونے کا طریقہ کار، کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا طریقہ کار اور پانی صاف کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا۔
شرکاء کو صحت مندانہ ماحول کے لیے سیفٹی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر راغب کیا گیا۔شرکاء کی طرف سے محمد عثمان ریسکیو سیفٹی آفیسر چنیوٹ نے کہا ہم ڈی جی ریسکیو اور VSOپاکستان کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے نہایت اہم مسلئے کے حوالے سے مفید تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس سے ہم نے مختلف طریقے سیکھے جو کمیونٹی میں صحت و صفائی کو فروغ دے کروباء کو پھیلنے سے روکنے میں مدد کریں گے۔
ڈی جی ریسکیو پنجاب نے VSO، ریسکیو ہیڈکوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے ماسٹر ٹرینرز کو ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر سراہا اور شرکاء کو کامیابی سے تربیتی ورکشا پ مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے ریسکیو سیفٹی آفیسرز کو کہا کہ وہ اپنے فرائض کو دیانت داری، ایمانداری اور لگن کے ساتھ سر انجام دیں کیونکہ کمیونٹی میں جب رویوں کی بہتری کے لیے تبدیلی کی بات کی جاتی ہے تو کمیونٹی رول ماڈلز کی تلا ش میں ہو تی ہے۔
اس لیے آپ سب ایک ذمہ دار شہری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی اپنی کمیونٹیز کے لیے رول ماڈل بنیں اورپاکستان میں محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے آخر میں شرکاء ورکشاپ میں سرٹیفکٹس تقسیم کیے۔