لاہور(ٌلاہورنامہ) پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کی گئی۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے قرارداد پیش کی جسے پنجاب کابینہ نے متفقہ طور پر منظور کیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کرتا ہے۔
پنجاب کی حقیقی ترقی کا سفر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رہے گا۔
ترقی کے سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ آنے دی جائے گی نہ ہی کسی کو حائل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔پنجاب کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یکساں ترقی کے ویژن کے تحت خوشحالی کے سفر پر گامزن کیا ہے۔
پسماندہ اور محروم علاقوں خاص طور پر جنوبی پنجاب کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات ہر لحاظ سے قابل تحسین ہیں۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بے بنیاد اور شر انگیز پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کی پرزور مذمت کی گئی اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حقائق کو مسخ کرنے والوں کے خلاف متعلقہ فورم پر قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے کیونکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف چند عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت بے بنیاد مہم چلا رہے ہیں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمودالرشید، فیاض الحسن چوہان، اختر ملک، عمار یاسر سمیت پوری کابینہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت کابینہ کے کسی ممبر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔2 برس کے دوران ایک بھی سکینڈل سامنے نہ آنا پنجاب حکومت کا کریڈٹ ہے۔ سکینڈل کے سامنے نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی صاف ستھری قیادت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو مخصوص ایجنڈے کے تحت ٹارگٹ کرنا افسوسناک ہے۔سوشل میڈیا پر حقائق کے منافی، شرانگیز اور بے بنیاد الزام تراشی کا کوئی جواز نہیں۔
سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آپ کی قیادت پر بھر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات میاں محمودالرشید نے کہا کہ ہم آپ پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں اور آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور آپ کے خلاف منظم مہم کی مذمت کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عثمان بزدار ہم سب کے وزیراعلیٰ ہیں اور رہیں گے۔پوری قوت کے ساتھ عثمان بزدار کا ساتھ جاری رکھیں گے۔
پراپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم عزائم پورے نہیں ہوں گے۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ پوری کابینہ عثمان بزدار پر اعتماد کرتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے وزیر عمار یاسر نے بھی اپنی اور پارٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) پہلے بھی آپ کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی آپ کے ساتھ کھڑے رہے گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ بے بنیاد الزامات پہلے بھی لگائے گئے لیکن ہمارا دامن صاف ہے۔ ہم سب مل کر وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے کو آگے لے کر چلیں گے۔