لاہور(لاہورنامہ) سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کی تجاویز پر وفاق کی طرف سے فوری طور پر15لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے اور صوبہ خیبر پختونخوا میں پنجاب کی طرز پر ریزرو پرائس پر فلور ملز کو کم قیمت پر گندم کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے .
اور ا ب کے پی کے میں بھی20کلو آٹے کا تھیلا860روپے میں دستیاب ہوگا۔
انہوں نے ان دونوں بڑے فیصلوں پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پنجاب پر گندم و آٹے کے دباؤ میں کمی آئے گی،
اوپن مارکیٹ میں مقابلے کا رحجان پیدا ہوگا اور گندم و آٹے کی قیمتوں میں مزیداستحکام آئے گا۔
عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں 20کلو آٹے کا تھیلا860روپے اور 10کلو کا 430روپے میں وافر تعداد میں دستیاب ہے،
کہیں کسی جگہ کوئی شکائیت نہیں،فلور ملز کو محکمہ خوراک کی طرف سے سستے داموں گندم کی فراہمی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے.
جس پر پنجاب حکومت خطیر رقم کی سبسڈی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چکیوں کو سرکاری طور پر کم قیمت کی گندم نہیں ملتی اس لیے وہاں آٹا مارکیٹ ریٹ کے مطابق فروخت ہو رہا ہے.
البتہ فلور ملز کی طرف سے اگر کہیں بھی کوئی شکائیت ہو تو اُسے مقامی ڈپٹی کمشنر کے علم میں لایا جانا چاہیے جس پر فوری کاروائی ہوگی۔
سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کسی کو بھی زائد منافع خوری کی اجازت نہیں دے گی اور ایسی شکائیت پر تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بر وقت ایکشن سے گندم و آٹے کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی اور آئندہ بھی عوام کو کنٹرول ریٹ پر آٹے کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کے لئے کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ اس سال پنجاب حکومت نے فلور ملز کو سرکاری طور پر گندم کا کوٹہ وقت سے پہلے جاری کرنے کا فیصلہ بھی اسی لیے کیا کہ مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں موجود رہے اور اب گندم کی درآمد سے اس ضمن میں مزید بہترصورتحال سامنے آئے گی جس سے نہ صرف پنجاب بلکہ کے پی کے میں بھی یہ مسئلہ احسن انداز میں حل ہوگا۔