آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب کی ہدایت پر تھانوں میں نئی گاڑیوں کی فراہمی کے حوالے سے سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس

لاہور(لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر تھانوں میں 500نئی گاڑیوں کی فراہمی کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا گیا .

جس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ علی عامر ملک نے کی جبکہ سی سی پی اولاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی آئی جی ٹیلی اکبرناصر خان اور ایس ایس پی موٹر ٹرانسپورٹ(ایم ٹی) اسد سرفراز خان بھی موجودتھے۔

دوران اجلاس ایس ایس پی ایم ٹی اسد سرفراز خان نے تھانوں میں گاڑیوں کی تقسیم کیلئے وضع کردہ فارمولے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ اضلاع کے تھانوں میں گاڑیوں کی تقسیم کے عمل میں جرائم کی شرح، آبادی کا تناسب،تھانے کا رقبہ، جغرافیہ او رضلع میں گاڑیوں کے موجودہ فلیٹ کی صورتحال کو مد نظر رکھا گیا ہے.

جبکہ نئی گاڑیوں کی تقسیم سے اضلاع کے فلیٹ میں موجود بہتر گاڑیوں کا تناسب 30فیصد سے بڑھ کر 59فیصد ہوجائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ علی عامر ملک نے سی سی پی اولاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام افسران گاڑیوں کی تقسیم کے فارمولے کے متعلق اپنی تجاویز و سفارشات ایک ہفتے کے اندر سنٹرل پولیس آفس کی لاجسٹکس برانچ میں بھجوائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی کاوشوں سے حکومت پنجاب کی جانب سے تھانوں کو 500نئی گاڑیوں کی فراہمی انتہائی احسن اقدام ہے.