صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا فنی تعلیمی بورڈ کی رجسٹریشن اور امتحانی فیس ختم کرنے کا اعلان

لاہور (لاہورنامہ) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کوویڈ 19کے پیش نظر ایک سال کے لئے فنی تعلیمی بورڈ کی رجسٹریشن اور امتحانی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سال2020-21میں ٹیوٹا کے فنی تعلیم کے اداروں میں 90ہزار طلبا کا داخلہ متوقع ہے .

ان سے بھی داخلہ فیس نہیں لی جائے گی اور اس مد میں 32کروڑ روپے کی فیس ختم کر دی گئی ہے۔

فنی تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانات دینے والے پرائیویٹ ٹیکنیکل اداروں کے 17ہزاربچوں کی بھی بورڈ کی رجسٹریشن اور امتحانی فیس ختم کر دی گئی ہے۔

اس طرح طلبا وطالبات کوفنی تعلیمی بورڈ کی جانب سے تقریبا23کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ٹیکنیکل اداروں کے طلبا وطالبات کو مجموعی طور پر 55کروڑ روپے ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بلاشبہ عید کے موقع پر فنی تعلیم کے اداروں کے طلباوطالبات کے لئے پنجاب حکومت کا شاندار تحفہ ہے۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال ہنر مندنوجوانوں پروگرام کے لئے ڈیڑھ ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

اس پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے بچوں سے بھی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ19کے دوران ڈی اے آئی،ڈی کام،میٹرک ٹیک اور میٹرک ووکیشنل کے 51 ہزار 539 طلبا وطالبات کو بغیر امتحان کے اگلی کلاسوں میں ترقی دی گئی ہے اور ان کی امتحانی فیسوں میں پہلے ہی 40فیصد رعایت دی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوویڈ19کے باعث لوگوں کی معاشی مشکلات بڑھی ہیں۔ پنجاب حکومت کے اس بڑے اقدام سے اب غربت اوروسائل کی کمی حصول تعلیم میں حائل نہیں ہو گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعت کاری کے عمل کو تیزکرنا وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا ویژن ہے اوراس ویژن کے تحت سپیشل اکنامک زونز بنائے جارہے ہیں اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا میں اصلاحات کی گئی ہیں،

عالمی بنک کے تعاون سے ٹیوٹا کے 83اداروں میں سی بی ٹی اے پروگرام کاآغاز کیا گیا ہے اورایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے مزید20اداروں میں یہ نیا جدید تربیتی نظام رائج کیاجارہا ہے۔

فنی تعلیمی اداروں کو مضبوط کرنا ہمارا مشن ہے اور انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق معیاری ہنر مند افرادی قوت تیار کرکے انہیں صوبے کے مختلف علاقوں میں لگنے والی صنعتوں میں کھپایا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیوٹا کو ایک ایپ تیار کرکے لانچ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جہاں پورے پاکستان سے فنی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو رجسٹر ڈکیا جا سکے گا۔ڈی جی پی آر ڈاکٹر محمد اسلم اورچیئرمین فنی تعلیمی بورڈبھی اس موقع پر موجود تھے۔