لاہور (لاہورنامہ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی انتہائی کامیاب رہنے کی وجہ سے کورونا وائرس کے کیسز میں بڑے پیمانے پر کمی ہونا حوصلہ افزاء ہے.
حکومت نے مویشی منڈیوں سے لئے گئے نمونوں کی رپورٹس کے نتائج کو دیکھتے ہوئے لاک ڈائون کو قبل از وقت کھولنے کا فیصلہ کیا ،
آلائشوں کی ڈمپنگ اور صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے مرتب کئے گئے پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد سے گزشتہ سالوں کے مقابلے میں امسال بہترین نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے ابھی تک الرٹ ہے.
اور کسی طرح کی غفلت اور لا پرواہی کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔ لاک ڈائون کو پانچ اگست سے پہلے کھولنے کا فیصلہ انتہائی سوچ بچار اور مشاورت سے کیا گیا ہے ۔
عوام سے اپیل ہے کہ جب تک کورونا وائرس سے مکمل چھٹکارا حاصل نہیں کر لیاجاتا اس وقت تک ایس او پیز پر عملدرآمد کو اپنی زندگی کا لازمی جزو بنا لیں ۔
حکومت کی لاک ڈائون کی پالیسی انتہائی کامیاب رہی ہے اور تعاون کرنے پر عوام کے بے حد مشکور ہیں ۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں امسال عید الاضحی پر صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی مثالی رہے لیکن اپوزیشن اپنی سیاست چمکانے کیلئے آج بھی میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہے جسے عوام مسترد کر چکے ہیں۔