اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی حکومت نے تمام سرکاری ملازمین وافسران کو نجی کاروبار، تجارتی معاملات اور ذاتی کنسلٹینسی خدمات فراہم کرنے کے کام سے فوری روک دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اعلی سطح اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے حکم پر اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے اپنی ہدایات میں کہاکہ جو سرکاری ملازمین احکامات کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف گورنمنٹ سرونٹس کنڈیکٹ رولز 1973 کے تحت مس کنڈکٹ کی کارروائی ہوگی۔
اعلی سطح ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے گورنمنٹ سرونٹس کنڈیکٹ رولز 1964 کے تحت ہدایات جاری کرتے ہوئے وفاقی سرکاری ملازمین کو ہرقسم کے پرائیویٹ بزنس،تجارتی روابط اور ذاتی کنسلٹینسی کی خدمات کے کام سے روک دیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا .
اور وزارتوں ، متعلقہ محکموں اور اداروں سے ماہانہ بنیادوں پر ہدایات پر عمل درآمد کی رپورٹ لی جائے گی.
ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں کے سیکریٹریز، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز کو ہدایات پر عمل درآمد کیلئے احکامات کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہدایات پر عمل درآمد کے لیے چیئرمین نیب، آڈیٹرجنرل آف پاکستان، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ڈی جی آئی بی سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کو بھی لکھ دیا۔
یاد رہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن وفاقی سرکاری ملازمین کو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر شرکت سے روکنے کے احکامات پہلے ہے جاری کرچکا ہے۔
٭٭٭٭٭