لاہور ( لاہورنامہ) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ آج5اگست کو پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ”یوم استحصال ”منائے گی.
مظلوموں کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے،
کشمیری قوم بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کو مسترد کرچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگربھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ جبر اوردھونس سے کشمیریوں کو ان کی جدوجہد سے پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہو جائے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے ۔
کشمیریوں کی کئی نسلیں اس تحریک میں اپنی جان کی قربانی دے چکی ہیں.
اس لئے بھارت کوہرصورت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے سرنڈرکرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے پانچ اگست کے اقدام کے بعدسے تعلیمی ادارے بند ہیں، مقبوضہ وادی کو ہرطرح سے دوسرے علاقوں سے کاٹ دیا گیا ہے ،
غذائی اجناس کی قلت ہے ،ہسپتالوں میں ڈاکٹر نہیں بلکہ وہاں پر بھارتی فوج کا بسیرا ہے،
5 اگست سے آج تک کشمیر میں انسانی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں، جنت نظیر وادی میں جبر و استبداد کا بازار گرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قوم بھارتی اقدامات کے خلاف” یوم استحصال’ ‘ مناکر ثابت کر دے گی کہ ہم کشمیریوں کی آزادی کی تحریک میں ان کے شانہ بشانہ ہیں اور ان کی سیاسی ،سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔