لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی یوتھ افیئرز محمد عثمان ڈار اورصوبائی وزیر محمد اخلاق نے ملاقات کی.
جس میں ٹائیگرز فورس ڈے کے انعقاداور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 اگست کو صوبہ بھر میں ٹائیگرز فورس ڈے بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔
ٹائیگرز فورس ڈے پر پنجاب بھر میں شجر کاری مہم کی 520 تقریبات منعقد ہوں گی۔
صوبہ بھر میں 12 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ پودے لگانا صدقہ جاریہ ہے۔
آئندہ نسلوں کو صاف ماحول دیں گے۔2023ء تک ملک بھر میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور سیاسی محاذ پر تنازع کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔
بھارت کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اقدار کا خون کیا۔ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
عثمان ڈار نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ٹائیگرز فورس ڈے منانے کے حوالے سے کیے گئے انتظامات سے آگا ہ کیا۔