چودھری پرویزالٰہی

چودھری پرویزالٰہی سے زیب سجادہ حضرت سلطان باہو صاحبزادہ سلطان فیاض الحسن کی ملاقات

لاہور(لاہورنامہ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے زیب سجادہ حضرت سلطان باہو رحمتہ اللہ علیہ صاحبزادہ سلطان فیاض الحسن نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، چیئرمین کمیٹی پنجاب اسمبلی میاں شفیع محمد، محمد علیم یعقوب سلطان اور شکیل سلطان بھی موجود تھے۔

سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل پر تمام مکاتب فکر کے علماء کی حمایت حاصل کی جائے گی اس سلسلے میں مشاورت کا عمل جاری ہے، محرم الحرام کے بعد مزید مشاورت کی جائے گی،

اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر جب کوئی کام شروع کیا جائے تو پھر اللہ تعالیٰ غیبی مدد بھی فرماتا ہے۔

صاحبزادہ سلطان فیاض الحسن نے کہا کہ عوام کی آپ سے بڑی امیدیں ہیں، چودھری ظہورالٰہی شہید کے ساتھ ہماری بڑی محبت تھی، یقینا آپ کے اس عمل سے ان کی روح کو بھی خوشی ملتی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے اسمبلی میں دینی امور کے حوالے سے ہمیشہ کھل کر بات کی ہے،

پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے کا خواب ایک دن ضرور پورا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دینی طبقات آپ کے ساتھ کھڑے ہیں،

نظریہ پاکستان اور اسلامی شعائر کے خلاف کتابوں پر پابندی لگا کر آپ نے بڑا احسن اقدام کیا ہے جسے دینی طبقہ فراموش نہیں کر سکتا۔