وزیرِ اعظم عمران خان

وزیرِ اعظم عمران خان کا کاروباری برادری کی جانب سے بھرپور اعتماد پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کاروباری برادری کی جانب سے بھرپور اعتماد پر

اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے.

تعمیرات اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،

حکومت کاروباری برادری کی سہولت کاری کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی۔

بدھ کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت تعمیرات کے شعبے میں حکومتی مراعاتی پیکیج کے نتیجے میں

شروع ہونے والی سرگرمیوں اور مختلف ہاؤسنگ منصوبوں کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا.

جس میں وزیر برائے صنعت محمد حماد اظہر، وزیرِ برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد،

معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی

لیفٹنٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان موجود تھے۔

کاروباری برادری کی نمائندگی معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب کر رہے تھے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے۔

کورونا کی وجہ سے نہ صرف علاقائی بلکہ دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی.

اس حوالے سے عارف حبیب نے فرٹیلائزرز، اسٹیل کے شعبے، رئیل اسٹیٹ و دیگر شعبہ جات میں جولائی کے مہینے میں سامنے آنے والی بہتری کے بارے میں وزیرِ اعظم کو بریف کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومت کی ہدایات کے مطابق نجی بنکوں کی جانب سے تعمیرات کے شعبے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ منظوریوں کے عمل میں آسانی پیدا ہو رہی ہیں۔

عارف حبیب نے وزیرِ اعظم کو اپنی کمپنی کی جانب سے 106ملین مربع فٹ پرتعمیراتی منصوبے کہ جن کی مالیت اربوں روپے ہے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کاروباری برادری کی سہولت کاری کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی۔