شبلی فراز

14اگست 1947 ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے ، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے کوشاں ہیں، شبلی فراز

اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 14 اگست 1947 ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے.

جب پاکستان ایک آزاد اسلامی مملکت کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بھرپور عزم کے ساتھ کوشاں ہیں تاکہ آزادی کے وہ اغراض و مقاصد حاصل کر سکیں جس کا ہمارے اکابرین نے خواب دیکھا تھا،

اس دن کو مناتے ہوئے پوری قوم بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی محاصرے، لاک ڈان اور ظلم و بربریت کا نشانہ بن کر زندگی گزارنے والے کشمیری بہن بھائیوں کی مشکلات پر بھی افسردہ ہے،

غیر ملکی میڈیا اور میڈیا کے ذریعے اقوام عالم پر زور دیتا ہوں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے زیر اہتمام غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ایک نشست اور جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان کا قیام قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت اور جدوجہد سے ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940کو قرارداد پاکستان منظور ہوئی جس کے نتیجہ میں 7سال کے عرصےمیں اسلامی جمہوریہ پاکستان وجود میں آیا۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ یوم آزادی منانا کسی بھی قوم کے لئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، یہ دن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ماضی پر نظر دوڑائیں اور مکمل عزم کے ساتھ اپنے اکابرین کے مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کا تجدید عہد کریں،

ہمیں اس موقع پر اپنے ان بھائیوں، بہنوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے جنہوں نے آزادی کے حصول کے لئے قربانیاں دیں اور قیمتی جانیں قربان کر دیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پائیدار اور تیز تر اقتصادی ترقی کے لئے قلیل المدت اور طویل المدت اقدامات اٹھائے گئے تاکہ معیشت کو بلند ترین شرح نمو پر لے جانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج کے دن حکومت کی کامیابیاں تو نہیں گنوانا چاہتا تھا لیکن میں خاص طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ کس طرح ہم نے کوویڈ۔19 کے حوالے سے اقدامات کئے جو دنیا کے مقابلہ میں بہترین تھے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد اور سخت محنت سے ہم بروقت فیصلوں، سمارٹ لاک ڈان کی حکمت عملی، ایس او پیز پر عملدرآمد اور ٹسٹ و قرنطینہ کی حکمت عملی کے ذریعے وباکو پھیلنے سے روکنے میں کامیاب ہوئے،

انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے منتخب صدر وولکان بوزکیز کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کہنا ھے کہ "پاکستان کی کرونا وباسے متعلق پالیسیاں دنیا کے لئے اچھی مثال ہیں،

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں ان اقدامات کو خود دیکھ رہا ہوں۔”

انہوں نے غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں جشن آزادی کی تقریبات سے بھرپور طور پر لطف اندوز ہوں .

اس دن جشن آزادی کی مختلف تقریبات، عمارتوں پر چراغاں، قومی پرچموں کی بہار ہوگی آپ دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی چہرہ اجاگر کرنے میں ہماری مدد کریں۔ اختتام پر وفاقی وزیر کے ہمراہ انہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کیا گیا کیک بھی کاٹا۔