آزادی جیسی نعمت نسیب ہوئی

آج کا دن اللہ رب العزت کا شکر ادا کرنے کا دن ہے، آزادی جیسی نعمت نصیب ہوئی

اسلام آباد(لاہورنامہ) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا عظیم دن اللہ رب العزت کا شکر ادا کرنے کا دن ہے.

کہ اس دن اللہ تعالیٰ نے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی جیسی نعمت سے نوازا اور اُن کو اپنے عقائد کے مطابق آزاد فضاء میں زندگی بسر کرنے کا موقع عطا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کی یہ نعمت اللہ رب العزت کے خاص فضل و کرم، قائد اعظم محمد علی جناح کی بے لوث قیادت اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے نظریے اور خواب کے باعث ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن جبکہ پوری پاکستانی قوم خنجراب تا گوادر آزادی کی خوشیاں منا رہی ہے.

تو ساتھ ہی یہ ہمارا قومی فریضہ ہے کہ ہم آج کے دن اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کو بھی یاد رکھیں.

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے وابستگی اور محبت کا اورکیا اظہار ہو سکتا ہے کہ ایک طرف مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے شہداء کو سبز ہلالی پرچم میں سپرد خاک کر رہے ہیں.

تو دوسری جانب آزاد کشمیر کے غیور عوام آئے دن ایل او سی پر پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کرتے ہوئے بھارتی جارحیت اور بلااشتعال گولہ باری کا بڑے عزم و ہمت سے ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی آواز دنیا کے ہر فورم پر بلند کی ہے.

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ان ہی کوششوں کا ہی ثمر ہے کہ آج یورپی پارلیمنٹ، برٹش پارلیمنٹ،سلامتی کونسل اور بین الاقوامی میڈیا میں کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند ہو رہی ہے۔