نیئر علی داد کی خدمات

نیئر علی داد کی خدمات باعث فخر ہیں، چیئرپرسن الحمراءلاہورآرٹس کونسل

لاہور (لاہورنامہ) لاہورآرٹس کونسل الحمراء میں سلسلہ وار ادبی و ثقافتی نشست ”کچھ یادیں کچھ باتیں“ کا آن لائن اہتمام کیا گیا.

جس میں عالمی شہرت یافتہ ماہر تعمیر ات نیئر علی دادا مہمان تھے۔

جنہوں نے دیکھنے اور سننے والوں کے ساتھ اپنی زندگی کی قیمتی اور سنہری یادیں شیئر کیں۔

چیئرپر سن بورڈآف گورنر لاہورآرٹس کونسل الحمراء منیزہ ہاشمی نے عالمی شہرت یافتہ ماہر تعمیر ات نیئر علی دادا کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات بے مثال ہیں،

وہ دنیا میں ہماری پہچان اور ان کے فن پر فخر ہے،ہر بڑے شہر میں انکی عظیم الشان بنائی ہوئی عمارتیں موجود ہیں، دنیا بھر سے کئی عالمی ایوارڈ حاصل کر رکھے ہیں،

انھوں نے کہا کہ نوجوان ان کی خدمات سے بھرپور استفاد ہ کررہے ہیں،

وہ کوئی بھی عمارت بناتے وقت اس کی تاریخ،ثقافت کو مدنظر رکھتے ہیں،

یہی فن انھیں اپنے شعبے میں منفردوممتاز بناتا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ ماہر تعمیرات نیئر علی دادا نے پروگرام میں مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ الحمرا فکر و فن کی آماجگاہ ہے اسکی عمارت ڈائزئن کرنا چیلج تھا،

آغا خان ایوارڈ کے ملنے پر بے حد خوشی ہوئی،

کامیاب عمار ت اپنے ماضی کا پتہ دیتی ہے،حال سے تسلسل رکھے ہوئے ہوتی ہے،

کامیاب عمارت کا معیار اسکااپنی آب و ہوا سے ہم آہنگ ہونا ہے،

شاکر علی میوزیم بنا کر مزہ آیایہاں جو تجربے کئے وہ بعد میں رجحان بن گئے۔

انھوں نے الحمرا کے ابتدائی ایام کے حوالے سے اپنی خوشگوار یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں تما م فنون کے لوگ اکٹھے ہوتے تھے،

آپس میں گفتگو کرتے جو بے حد ثمر آور ثابت ہوتی،

جب الحمرا کی عمارت بنائی تو انتظار حسین کہنے لگے یہ تو آپ نے درویوار کے ساتھ شاعری کی ہے۔

سمیرا خلیل نے حسب معمول پروگرام کی نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔یہ پروگرام الحمراء آرٹس کونسل کے سوشل میڈیا پیجز براہ راست نشر کیا گیا جسے ناظر ین کی کثیر تعداد نے دیکھا اور پسند کیا۔