اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر اعظم عمران خان نے زراعت ، ملکی برآمدات میں اضافے اور ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے مجوزہ منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی نوجوان نسل میں بے انتہا صلاحیت موجود ہے،
ملک کی ترقی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ سے وابستہ ہے، منصوبوں کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ،
مجوزہ منصوبوں کی راہ حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ کا اہتمام کیا گیا.
جس میں وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری خزانہ، چئیرمین ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔
وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیرِ اعظم کوملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے گذشتہ دو سالوں میں شروع کیے جانے والے چند اہم منصوبوں ، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی .
وزیر اعظم ہاؤس میں انجینئرنگ اور ایمرجنگ ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم کے حوالے سے مجوزہ یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی ۔
ملک بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے پلانٹس اور خصوصاً اس منصوبے کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کو روزگار کی فراہمی اور یونیورسٹیوں کے اشتراک سے ملک بھر کے چار سو ہائر سیکنڈری سکولوں میں سائنس، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ اور ریاضی کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے سٹیم (STEM) منصوبہ شروع کرنے کی منظوری۔
پہلے مرحلے میں چالیس سکولوں میں سائنس ، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ اور ریاضی کی جدید تعلیم کے لئے خصوصی لیب قائم کی جائیں گی،
چار سو سکولوں میں ایک لاکھ بچے کو جدید علوم میں تعلیم و تربیت کے مواقع میسر آئیں گے۔
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے طبی آلات کی تیاری میں ملکی استعداد اور اس حوالے سے برآمدات میں اضافے کے حوالے سے مجوزہ روڈ میپ وزیرِ اعظم کو پیش کیا۔
زراعت کے شعبے کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے ،زرعی پیداوار کو بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لاکر ملکی استعداد کو برؤے کار لانے کے حوالے سے مفصل پلان بھی وزیرِ اعظم کو پیش دی گئی.
وزیرِ اعظم نے کورونا کے دوران مقامی سطح پر حفاظتی کٹس، وینٹیلیٹرز و دیگر سامان کی تیاری کے حوالے سے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور خصوصاً وزیرِ سائنس کی کاوشوں کو سراہا۔