اسلام آباد (لاہورنامہ)سابق وزیراعظم نواز شریف نے (آج) منگل کوسماعت میں حاضری سے استثنیٰ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو متفرق درخواستیں دائر کردیں ۔
ایون فیلڈ، العزیزیہ ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت (آج) منگل کو ہو گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ سماعت کریگا، بینچ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ہے۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاوں کے خلاف نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے اپیلیں کر رکھی ہیں۔
نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر ایون فیلڈ کیس میں ضمانت پر ہیں.
نیب نے بھی العزیزیہ کیس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل کر رکھی ہے۔
احتساب عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کر دیا تھا جس کے خلاف نیب نے اپیل کر رکھی ہے۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ اسی ریفرنس میں مریم نواز کو7 سال اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید سنائی گئی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزائیں معطل کر دی تھیں جب کہ سپریم کورٹ نے بھی ایون فیلڈ کیس میں تینوں کی سزائیں معطل رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
سابق وزیر اعظم نوازشریف نے درخواست میں موقف اختیار کیاکہ وہ بیماری کی وجہ سے منگل کو پیش نہیں ہوسکتے ہیں ،
متفق درخواستیں رجسٹرار آفس نے وصول کرلیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ نواز شریف طبی بنیادوں پر عدالت پیش نہیں ہوسکتے ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ نواز شریف کی جانب سے خواجہ حارث نے دونوں درخواستیں دائر کی ہیں۔